رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے جنوب مغربی ایران کے شہر اہواز میں پیش آنے والے دہشت گردانہ واقعے میں متعدد ایرانی شہریوں کے شہید اور زخمی ہونے پر اپنے ایک پیغام میں اس تلخ سانحے میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ کو تعزیت پیش کرتے ہوئے فرمایا : متعلقہ خفیہ ذمہ دار اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ پوری تندہی کے ساتھ مجرموں کا تعاقب کریں اور انہیں ملکی عدلیہ کے طاقتور پنجوں کے سپرد کریں ۔
قائد انقلاب اسلامی کے پیغام کا متن مندرجہ ذیل ہے :
بسمہ تعالی
دہشت گردوں کے ہاتھوں اہواز میں بعض ایرانی شہریوں کی شہادت کے تلخ اور افسوسناک واقعے نے ایک بار پھر ایرانی عوام کے دشمنوں کی شقی القلبی اور خباثت کو ظاہر کر دیا ہے ۔ ایسے شقی القلب ایجنٹ جو بے گناہ عورتوں، بچوں اور مردوں پر فائرنگ کرتے ہیں، انسانی حقوق کا دم بھرنے والے جھوٹے اور ریاکاری کے دعویدار ہیں یہ وہ لوگ ہیں جو دنیا میں بے امنی پیدا کرتے ہیں اور دوسروں پر غلط الزام عائد کرنے میں مہارت رکھتے ہیں ۔
ان کینہ و ریاکار دعویداروں سے مسلح افواج کی پریڈ کی صورت میں ایرانی قوم کی طاقت کا جلوہ برداشت نہیں ہو پا رہا ہے ۔ ان کا یہ جرم بھی خطے میں امریکہ کی آلہ کار حکومتوں کی سازشوں کا تسلسل ہے جنہوں نے ایران میں بدامنی پھیلانے کو اپنا مقصد بنا رکھا ہے ۔
دشمنوں کی آنکھوں میں خار ایران کے عوام اپنی عزت و سربلندی کے قابل فخر راستے پر گامزن رہیں گے اور ماضی کی طرح تمام دشمنوں پر غالب آئیں گے ۔
دہشت گردانہ واقعے میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ کو تعزیت پیش کرتے ہوئے ان سے ہمداردی کا اظہار کرتا ہوں اور ان کے لئے صبر الہی نیز شہیدوں کے درجات کی بلندی کی دعا کرتے ہوئے ۔ متعلقہ خفیہ ذمہ دار اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ پوری تندہی کے ساتھ مجرموں کا تعاقب کریں اور انہیں ملکی عدلیہ کے طاقتور پنجوں کے سپرد کریں ۔
سیّد علی خامنہای
۲۲ ستمبر ۲۰۱۸
/۹۸۹/ف۹۷۴/